وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں پناہ گزینوں کی ٹھکانہ بنی غزہ کے دیر البلح کی مسجد اور بیروت کے ضاحیہ میں رہائشی عمارتوں پر حملے سمیت صیہونیوں کے ہاتھوں عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے عطا کردہ ہتھیاروں سے فلسطین اور لبنان میں مقدس مقامات، اسکولوں، مساجد اور طبی مراکز پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے عوام کے ذہنوں میں داعش کے جرائم کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ عام شہریوں کا قتل اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی صیہونی اور تکفیری نظریات کا لازمہ ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے علاقے میں بد امنی پھیلانے کی پالیسی علاقائی و عالمی امن و امان کے لئے سنجیدہ خطرہ ہے اور ان جرائم کے سلسلے میں لا پروائی کے تمام علاقآغی ملکوں کے لئے نا قابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔
بقائی نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھر دنیا کے تمام ممالک خاص طور پر مسلمان ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے پاس موجود بے شمار وسائل کی مدد سے غزہ و لبنان کے بے گھر و بے پناہ لوگوں کے لیے ہر ممکن طریقے سے فوری انسانی امداد بھیجیں اور صیہونی حکومت کی طرف سے خطے میں دہشت گردی اور بد امنی پھیلانے کی پالیسی کا مقابلہ کریں۔
آپ کا تبصرہ